آئندہ بجٹ میں کئی ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں، عامر علی احمد لیز کی تجدید سمیت بزنس کمیونٹی کے دیگر مسائل حل کئے جائیں، محمد احمد وحید

اسلام آباد ( پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد سے ملاقات کی اور تاجروں وصنعتکاروں کو درپیش مسائل سے ان کو آگاہ کیا۔ آئی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس

موقع پر سی ڈی اے کے چیئرمین عامر علی احمد نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈیمانڈ پر آئندہ بجٹ میں کئی ترقیاتی منصوبے شامل کئے گئے ہیں جن میں مختلف مارکیٹوں کے ترقیاتی کام، ایکسپریس وے کی توسیع، راول چوک کی ایکسٹینشن، 10thایونیو، انڈسٹریل ایرا اور کہوٹہ ٹرائینگل کے ترقیاتی کام شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں وصنعتکاروں کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر کہا کہ گذشتہ کئی سالوں سے انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کا معاملہ التواءمیں ہے جن میں ملٹی پل بزنس کی اجازت، صنعتی  بلڈنگ کی اونچائی اور دیگر معاملات شامل ہیں جبکہ سی ڈی اے بورڈ انڈسٹریل بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کو پاس بھی کر چکا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بورڈ سے منظور شدہ بلڈنگ بائی لاز میں ترامیم کا معاملہ جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چار سالوں کے دوران اسلام آباد کے کسی تجارتی مرکز اور انڈسٹریل ایریا میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس وجہ سے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی نائن، آئی ٹین اور دیگر کمرشل مراکز میں لیز کی تجدید کے مسائل حل طلب ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بجٹ میں اسلام آباد کیلئے سی ڈی اے کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عامر علی احمد کو دعوت دی کہ وہ بطور چیف کمشنر چیمبر میں قائم ضلعی انتظامیہ کے سہولت ڈیسک کا افتتاح کریں ۔عامر علی احمد نےاس دعوت کو قبول کیا۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں