اسلام آباد ( پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ تاجر براری کسی قسم کے ٹیکسوں کی ادائیگی سے انکاری نہیں ہے لیکن ایم سی آئی نے پراپرٹی ٹیکس میں یکمشت 300فیصد اضافہ کردیا ہے جس سے تاجروں کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور
دیا کہ پراپرٹی ٹیکس میں موجودہ اضافہ واپس لیا جائے اور تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر بتدریج اس ٹیکس میں اضافہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم سی آئی کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن و ڈائریکٹر ریونیو میاں طار ق لطیف سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے چیمبر کا دورہ کیا اور ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ایم سی آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر رانجھا بھی اس موقع پر ان کے ساتھ تھے۔ محمد احمد وحید نے کہا کہ مارکیٹوں میں تجازوات کی وجہ سے نہ صرف تاجر برادری کو کاروبار کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ مارکیٹوں کی خوبصورتی بھی متاثر ہو رہی ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کو اعتماد میں لے کر تمام مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بورڈ ٹیکس فیس میں اضافے پر نظرثانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم اے اور چیمبر کے درمیان 60روپے فی مربع فٹ بورڈ ٹیکس کا زبانی معاہدہ طے پایا تھا لہذا اس پر عمل کیا جائے اور دکانوں کے فیس پر لگائے گئے بورڈز کا یونیفارم ریٹ مقرر کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے مئیر اسلام آباد کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریٹ طے ہونے کے بعد تمام مارکیٹ یونیز از خود لائسنس بنوائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں ایک جیسے سائن بورڈ لگوانے پر غور کرے جیسا کہ دیگر ممالک میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری و صنعتی علاقوں میں صفائی کا انتظام مزید بہتر کیا جائے اور تاجر برادری نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ایم سی آئی ان کو حل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، محمد اسلم کھوکھر،عثمان خالد، ضیا چوہدری، اشعر حفیظ، خالد چوہدری، ملک ربنواز، نثار احمد لنگا اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تاجر برادری کو درپیش مختلف مسائل کی نشاندہی کر کے ان کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر ریونیو میاں طارق لطیف نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے تعاون سے اسلام آباد کی مارکیٹوں سے تجاوزات ختم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا اور سب سے پہلے جناح سپر مارکیٹ سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔تاہم اس سلسلے میں مارکیٹ یونینز کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افہام و تفہیم سے تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں چیمبر کے وفد کی مئیر اسلام آباد سے میٹنگ کرائی جائے گی تا کہ بات چیت کر کے اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے پیش رفت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں کی ایک مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر غور کیا جائے گا تاکہ اہم مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا بہتر حل نکالا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ مسائل حل کرانے میں چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں