ممتاز کاروباری، سماجی شخصیت ظفر بختاوری آئی سی سی آئی کی کشمیر کمیٹی کے سربراہ مقرر

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے چیمبر کے سینئر ترین رکن اور سابق صدر آئی سی سی آئی اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر ، ملک کی ممتاز کاروباری، صحافتی، سفارتی سماجی اور ادبی شخصیت ظفر بختاوری کو آئی سی سی آئی کی کشمیر

کمیٹی کا کنوینر مقرر کردیا ۔اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا اور تعیناتی کا نوٹیفکیشن دیا گیا اس موقع پر نائب صدر سیف الرحمن خان، سابق صدر خالد اقبال ملک سابق سینئر نائب صدر خالد محمود چوہدری، ملک محسن خالد اور ایگزیکٹو ممبر خالد چوہدری بھی موجود تھے ۔آئی سی سی آئی کے صدر محمد احمد وحید نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کے خلاف ورزیاں ظلم اور زیادتی ،کر فیو کی پابندی ،عوام کو خوراک اور ادویات کی عدم فراہمی جیسے مسائل قومی اور بین الاقوامی توجہ کے متقاضی ہیں اور کشمیر کے ایشو کو سرکاری سطح کے علاوہ کاروباری اور عوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ظفر بختاوری قومی اور بین الاقوامی سطح پر کاروباری طبقے کے ساتھ مل کر ایک بھرپور اور تواناا آواز بلند کریں گے اور کشمیری عوام کی مدد کے لیے تاجربرادری کام کرے گی ۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر محمد احمد وحید نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورااترنے کی کوشش کروں گا اور اپنے وسیع تجربے اور بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک موثر لائحہ عمل پر کام کروں گا اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لاکر عالمی توجہ اس عظیم المیہ کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کروں گا ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close