پراپرٹی کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری

 تمام پراپرٹیز کی ٹرانسفر فیس میں کمی کا اعلان کر دیا گیا، اس فیصلے سے جائیداد کے لین دین پر مالی بوجھ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا۔

 

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں جائیداد کی خرید و فروخت کرنے والوں کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی۔

کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام پراپرٹیز کی ٹرانسفر فیس میں غیر معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت خریداروں کو اب ایف بی آر کی مقرر کردہ ویلیویشن پر 3 فیصد کے بجائے صرف 1 فیصد ٹرانسفر فیس ادا کرنی ہوگی۔

اس فیصلے سے جائیداد کے لین دین پر مالی بوجھ نمایاں طور پر کم ہو جائے گا، جس سے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ میں تیزی آنے کی توقع ہے۔

یہ سنگ میل فیصلہ 9 اپریل 2026 کو سی ڈی اے بورڈ کے تیسرے اجلاس میں لیا گیا۔ اتھارٹی نے اس حوالے سے جولائی 2025 کا پرانا نوٹیفکیشن منسوخ کرتے ہوئے نئے احکامات کا اطلاق فوری طور پر کر دیا ہے۔

سی ڈی اے حکام نے تمام متعلقہ شعبوں اور اسٹیک ہولڈرز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے نئی اور کم شدہ فیس کے مطابق پراپرٹی ٹرانسفر کے عمل کو آگے بڑھائیں۔

اس اقدام کو وفاقی دارالحکومت میں سرمایہ کاری کے فروغ اور شہریوں کو ریلیف دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close