ڈیزل کی قیمت میں تاریخی کمی ؟؟ پٹرول کتنا سستا ہوگا؟ جانئے

 جنگ بندی کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

 

پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے باعث گزشتہ روز ایران اور امریکا میں 15 روزہ جنگ بندی معاہدے کے بعد عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور اس کی قیمتیں 114 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 93 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہیں، جس کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔

پاکستان میں گزشتہ ہفتے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 180 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے باعث ملک میں پہلی بار ڈیزل کی قیمت 500 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھی جب کہ پٹرول کی قیمت بھی ریکارڈ 458 روپے پر جا پہنچی تھی۔

بعد ازاں وزیراعظم نے پٹرول پر 80 روپے لیوی کم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی قیمت کم ہو کر 378 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔

تاہم گزشتہ روز وزیراعظم نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو دینے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ 90 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے جب کہ پٹرول کی قیمت میں 50 سے 60 روپے کے درمیان فی لیٹر کمی ہوگی۔

تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حتمی کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اگر مذکورہ کمی کی تجاویز منظور کی جاتی ہیں تو پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمت کم ہو کر بالترتیب 313 سے 323 اور ڈیزل کی قیمت 420 سے 430 روپے فی لیٹر ہو جائیں گی۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے موٹر سائیکل، رکشا، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت کسانوں کے لیے ریلیف پیکیجز کا بھی اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close