شہر میں سرکاری نرخنامے کو نظرانداز کرتے ہوئے دودھ کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ڈیری فارمرز کی جانب سے خودساختہ طور پر قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد پہلے سے مہنگا فروخت ہونے والا دودھ مزید مہنگا ہو جائے گا۔
ڈیری ذرائع کے مطابق بھینس کے دودھ کی ہول سیل قیمت میں 25 روپے جبکہ گائے کے دودھ کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے نرخوں کے تحت بھینس کا دودھ 245 روپے فی لیٹر اور گائے کا دودھ 195 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پرچون سطح پر اس اضافے کے بعد شہریوں کو دودھ 270 روپے فی لیٹر تک دستیاب ہوگا، جبکہ سرکاری نرخنامے کے مطابق دودھ کی قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔ اس طرح سرکاری اور مارکیٹ ریٹس میں فی لیٹر تقریباً 100 روپے کا واضح فرق سامنے آ گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے یہ اضافہ کسی بڑے دھچکے سے کم نہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی خاموشی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ دوسری جانب ڈیری فارمرز کا مؤقف ہے کہ پیداواری لاگت میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھانا ناگزیر ہو گیا تھا۔ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ ماہ سے کیا جائے گا، تاہم عوامی حلقوں نے حکومت سے فوری نوٹس لے کر سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






