پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے اور فروری کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ 42 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔

مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ملکی کرنٹ اکاؤنٹ مسلسل دوسرے ماہ سرپلس رہا۔ اس سے قبل جنوری میں بھی کرنٹ اکاؤنٹ 6 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا تاہم سالانہ بنیاد پر یہ خسارے میں ہے۔

رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کرنٹ اکاؤنٹ 48 کروڑ ڈالر سرپلس رہا تھا۔

ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں اضافے کے باعث فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ریکارڈ کیا گیا جبکہ درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں کمی کے باعث سالانہ بنیاد پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا شکار رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close