وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی ہے کہ عوام پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ ممکنہ حد تک کم رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں تیل کے ذخائر اور سپلائی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کو خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ ذخائر، درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ سمندری راستے میں موجود کارگو جہازوں اور ان کی آمد کے شیڈول کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں اور سپلائی چین مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ آئندہ ہفتوں میں بھی فراہمی کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی توانائی منڈیوں میں اس وقت نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، تاہم بروقت حکمت عملی کی بدولت ملک میں سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے۔
اجلاس میں عالمی سطح پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ممکنہ عالمی تبدیلیاں ملکی معیشت کو کس حد تک متاثر کر سکتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





