لاہور: ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان کے گیس سسٹم پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث سوئی ناردرن کے زیر انتظام علاقوں میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈ مینجمنٹ شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گیس کا پریشر کم ہونے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کئی گھروں میں چولہے تک بند ہو گئے ہیں۔ سوئی ناردرن حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک باقاعدہ لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ دیگر اوقات میں گیس کا پریشر کم رکھا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق گیس پریشر میں کمی کے باعث خاص طور پر گنجان آبادی والے علاقوں میں صارفین کو گیس کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ آر ایل این جی کی سپلائی میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جو پہلے تقریباً 800 ملین کیوبک فٹ تھی اور اب کم ہو کر 200 ملین کیوبک فٹ رہ گئی ہے۔ حکام کے مطابق عید کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





