اسلام آباد: پاکستان کو تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق برگزئی ایکس ون کنویں کی کنگریالی فارمیشن سے یومیہ تقریباً 3 ہزار 765 بیرل تیل حاصل ہوا ہے۔ اسی کنویں سے روزانہ 11.21 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی دریافت ہوئی ہے، جو توانائی کے شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس ذخیرے تک پہنچنے کے لیے زمین میں تقریباً 5 ہزار 170 میٹر تک گہری کھدائی کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی دریافت کے بعد نشپا بلاک کے دیگر علاقوں میں بھی تیل اور گیس کے مزید ذخائر ملنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ دریافت نہ صرف پاکستان کی توانائی ضروریات کو مقامی سطح پر پورا کرنے میں مدد دے گی بلکہ تیل کی درآمد پر آنے والے اخراجات میں کمی لانے اور توانائی بحران پر قابو پانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






