بجلی صارفین کے لیے نیا جھٹکا یا ریلیف؟ فکسڈ چارجز لگانے کی تیاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بجلی کے صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے پاور ڈویژن نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے، جس پر 10 فروری کو سماعت ہوگی۔

درخواست کے مطابق فکسڈ چارجز کا اطلاق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے گھریلو صارفین پر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والوں پر فکسڈ چارجز لاگو ہیں۔ پاور ڈویژن نے تجویز دی ہے کہ ماہانہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 200 روپے جبکہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے جائیں۔

نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز کی تفصیلات کچھ یوں تجویز کی گئی ہیں:

100 یونٹ تک استعمال پر 275 روپے

200 یونٹ تک 300 روپے

300 یونٹ تک 350 روپے

400 یونٹ تک 400 روپے

500 یونٹ تک 500 روپے فکسڈ چارجز

اسی طرح ماہانہ 600 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز 675 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ 700 یونٹ تک اور 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کے لیے فکسڈ چارجز میں کمی کر کے بھی 675 روپے رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔

پاور ڈویژن نے 301 سے 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو فی یونٹ ریلیف دینے کی بھی تجویز دی ہے۔

400 یونٹ استعمال پر فی یونٹ 1 روپے 53 پیسے کمی

500 یونٹ تک فی یونٹ 1 روپے 25 پیسے کمی

600 یونٹ تک فی یونٹ 1 روپے 40 پیسے کمی

مزید یہ کہ 700 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے فی یونٹ 91 پیسے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر فی یونٹ 49 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

کمرشل صارفین (5 کلو واٹ اور اس سے زائد لوڈ) کے لیے فی یونٹ بجلی 1 روپے 15 پیسے سستی کرنے، جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی تجویز نیپرا میں پیش کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close