بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا ہے، جسے برآمدی شعبے کے لیے ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں قومی معیشت میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ایکسپورٹرز میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ برآمد کنندگان قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم کاروباری شخصیات نے شبانہ روز محنت کر کے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

شہباز شریف کے مطابق مشکل معاشی حالات کے باوجود برآمد کنندگان نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور 2025 میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا، جس کے نتیجے میں ملک کو اربوں ڈالر کا زرِ مبادلہ حاصل ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بعض حلقے پاکستان کے ٹیکنیکل ڈیفالٹ ہونے کے دعوے کر رہے تھے اور دیوالیہ پن کی باتیں عام تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت سنبھالی گئی تو معاشی صورتحال نہایت خراب تھی اور ملک کو بحران سے نکالنا ایک بڑا چیلنج تھا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ عام آدمی نے اس دوران شدید مشکلات برداشت کیں، تاہم اب حالات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آ رہی ہے، جو مستقبل کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close