کراچی: سندھ حکومت نے ماہِ رمضان کی آمد سے قبل ہی شہریوں پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا ہے، آٹے کی نئی سرکاری قیمتوں کا تعین کر دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 8 روپے اضافہ کرتے ہوئے ریٹیل ریٹ 107 روپے فی کلو مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔ کمشنر کراچی کی جانب سے آٹے کی نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مجموعی طور پر 80 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آٹے کی ریٹیل قیمت 107 روپے فی کلو جبکہ ایکس مل قیمت 104 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ اس حساب سے 10 کلو آٹے کا ایکس مل تھیلا 1040 روپے میں دستیاب ہوگا۔ یاد رہے کہ دسمبر 2025 میں کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت 99 روپے فی کلو مقرر کی تھی، تاہم انتظامیہ شہر میں سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ شہر کے بیشتر ریٹیل اسٹورز پر سرکاری قیمت پر آٹا دستیاب نہیں، جبکہ مارکیٹ میں ایک کلو آٹا 125 روپے اور 10 کلو کا تھیلا 1250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں چکی کے آٹے کی قیمت 140 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کراچی میں ایک بار پھر آٹے کا بحران سامنے آیا تھا۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے پہلے ہی آٹے کی قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خدشات ظاہر کر دیے تھے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق اگر سندھ حکومت نے گندم کی فراہمی کا مسئلہ فوری حل نہ کیا تو آٹے کی قیمتیں مزید بے قابو ہو سکتی ہیں۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن جنید عزیز کا کہنا ہے کہ کراچی کو روزانہ ایک لاکھ بوری گندم درکار ہوتی ہے، لیکن اس وقت شہر کو صرف پچاس ہزار بوری کے قریب گندم فراہم کی جا رہی ہے، جو طلب کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






