اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد سے قبل ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے۔ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافہ ہو سکتا ہے۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ دسمبر کے دوران 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی۔ اس عرصے میں بجلی کی اوسط لاگت 9 روپے 62 پیسے فی یونٹ رہی۔
سی پی پی اے کے مطابق دسمبر میں بجلی کی پیداوار میں ہائیڈل کا حصہ 18.07 فیصد رہا، مقامی کوئلے سے 13.99 اور درآمدی کوئلے سے 10.13 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ قدرتی گیس سے 11.20 جبکہ درآمدی گیس سے 17.24 فیصد بجلی حاصل کی گئی۔ اسی طرح نیوکلیئر توانائی کا حصہ 25.05 فیصد رہا۔ واضح رہے کہ سی پی پی اے کی اس درخواست پر نیپرا اتھارٹی کل سماعت کرے گی، جس کے بعد بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






