پاکستانی معیشت کے لیے خوشخبری، گیس کی بڑی دریافت

کراچی: پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بلوچستان میں گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ اہم دریافت کلچاس ساؤتھ بلاک میں کی گئی ہے، جہاں ماری انرجیز کے تِبری ون کنویں نے گیس کے ذخائر کی نشاندہی کی۔ کمپنی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کنواں ضلع بارکھان میں کھودا گیا تھا۔ ابتدائی ٹیسٹنگ کے دوران کنویں سے یومیہ 11 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کا فلو ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر 561 پی ایس آئی رہا۔ ماری انرجیز نے اس پیش رفت سے اسٹاک مارکیٹ کو باضابطہ طور پر خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق مزید ٹیسٹ جاری ہیں تاکہ گیس کی مکمل پیداواری صلاحیت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی ماری انرجیز نے ملکی سطح پر ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش کا عمل مزید تیز کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close