کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت نے ایک بار پھر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جہاں فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے کے اضافے کے بعد 5 لاکھ 21 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 21 ہزار 162 روپے تک پہنچ گیا، جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 46 ہزار 812 روپے ہو گئی۔ دوسری جانب عالمی صرافہ بازار میں بھی سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جہاں فی اونس سونا 65 ڈالر اضافے کے ساتھ 4 ہزار 988 ڈالر فی اونس میں فروخت ہوا۔ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی تولہ چاندی 526 روپے مہنگی ہو کر 10 ہزار 801 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے شدید اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر اور معاشی غیر یقینی صورتحال نے مقامی مارکیٹ پر بھی براہِ راست اثر ڈالا ہے، جس کے باعث سونے کی قیمتیں مسلسل اوپر جا رہی ہیں۔ سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر افراطِ زر، سیاسی بے یقینی اور معاشی دباؤ کے دور میں سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے بجائے سونے کا رخ کرتے ہیں۔ صدیوں سے سونا دولت اور کرنسی کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی سطح پر سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جا رہی ہے، جس کا اثر اب واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






