کراچی: بین الاقوامی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ جاری ہے اور آج سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
عالمی سطح پر قیمتی دھات کی قیمتوں کو گویا پَر لگ گئے ہیں، جہاں ہر گزرتا دن نیا ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ تازہ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں ایک ہی روز میں 152 ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد قیمت 4865 ڈالر فی اونس (13 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تک جا پہنچی، جو اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں چاندی کی قیمت بھی بڑھتے ہوئے 94.49 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی سونے کی قیمتیں مسلسل اوپر جا رہی ہیں۔ مقامی مارکیٹ میں منگل 20 جنوری کو سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 93 ہزار 662 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 23 ہزار 235 روپے ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ریکارڈ اضافے کے بعد قوی امکان ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار سونے کی فی تولہ قیمت 5 لاکھ روپے کی حد کو چھو لے۔
یاد رہے کہ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، جس کی قیمت عموماً افراطِ زر، سیاسی بے یقینی اور معاشی عدم استحکام کے دوران بڑھ جاتی ہے۔ صدیوں سے اسے دولت اور قدر کی علامت کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، اور جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار ہوتے ہیں تو وہ سونے کا رخ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی قیمت کو عالمی ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زائد مقرر کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






