کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمتوں نے ایک بار پھر سرمایہ کاروں اور خریداروں کو چونکا دیا ہے، جہاں بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار روپے کی حد عبور کرگیا۔
آل پاکستان جمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی قیمت میں اچانک 2200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 55 ہزار 762 روپے ہوگئی۔ اسی طرح 10 گرام سونا 1800 روپے مہنگا ہوکر 3 لاکھ 90 ہزار 742 روپے تک جا پہنچا۔ عالمی سطح پر بھی سونے کی قیمت میں نمایاں تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 22 ڈالر اضافے کے ساتھ 4334 ڈالر پر ٹریڈ کرتا رہا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو روز سے عالمی اور مقامی دونوں مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر افراطِ زر، سیاسی بے یقینی اور معاشی دباؤ کے ادوار میں اس کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ صدیوں سے سونا دولت اور کرنسی کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے، اور جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار ہوں تو وہ سونے کا رخ کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت مقرر کرنے کے طریقۂ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی قیمت کو عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کیا جاتا ہے، جو موجودہ بلند نرخوں کی ایک بڑی وجہ سمجھی جارہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






