سعودی عرب کی وزارتِ توانائی نے پیٹرول اسٹیشنز کو ہدایت کی ہے کہ سلامتی کے ضوابط پر عمل نہ کرنے والے صارفین کو پیٹرول فراہم نہ کیا جائے اور پیٹرول بھرواتے وقت گاڑی کا انجن لازمی بند رکھا جائے۔
وزارت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئے ضوابط کا مقصد عوامی سلامتی اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے، جو ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیٹرول اسٹیشنز پر گاڑیوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو علیحدہ رکھا جاتا ہے تاکہ ٹریفک میں خلل نہ ہو۔ صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مقررہ راستے ہی استعمال کریں اور جلدی میں مخالف سمت سے داخل نہ ہوں۔
وزارتِ توانائی نے ہدایت کی ہے کہ پیٹرول بھروانے کے دوران اگر گاڑی کا انجن بند نہ کیا جائے تو انتظامیہ پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کرے۔
وزارت کے فنی و تنظیمی امور کے سیکرٹری ماجد العتیبی نے بتایا کہ پیٹرول اسٹیشنز اور ان کی سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے نئے ضوابط جاری کیے گئے ہیں، جن کا بنیادی مقصد عوام کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






