پنجاب میں گوگل کروم بُک (لیپ ٹاپ) فیکٹری ؟ اہم خبر آگئی

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں گوگل کروم بُک فیکٹری لگانے کی پیشکش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس منصوبے کے لیے حکومتِ پنجاب کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفد کی قیادت گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی، جبکہ ٹیک ویلی کے سی آئی او عمر فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے بتایا کہ گوگل کروم بُک میں تین اہم سافٹ ویئر انسٹال کیے جائیں گے، جن میں طلبہ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹول کِٹ “اے آئی جِمنی”، انگلش لرننگ ایپ “ریڈ آلانگ” اور تخلیقی کاموں کے لیے “کین وا” شامل ہیں۔

گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ویژنری قیادت کو سراہا اور تعلیم، خصوصاً بچیوں میں آئی ٹی کی جدید تعلیم کے فروغ کے لیے ان کے اقدامات کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

بریفنگ کے دوران وفد نے بتایا کہ گوگل فار ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے 2 ہزار سے زائد اساتذہ کو تربیت دی ہے، جبکہ مزید اساتذہ اور طلبہ کو آئی ٹی ٹریننگ دینے کا منصوبہ بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم اور آئی ٹی کے انضمام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، اور صوبے کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس حب بنانے کا عزم رکھتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close