پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے نیٹ میٹرنگ سے فائدہ اٹھانے والے سولر صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ تجویز کے مطابق چارجز صارف کے لوڈ یا فراہم کردہ یونٹس کے تناسب سے وصول کیے جائیں گے۔
پیسکو کی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ صارفین جب سولر بجلی کی پیداوار کم ہوتی ہے یا بیک اپ درکار ہوتا ہے تو گرڈ پر انحصار کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ صارفین بجلی ایکسپورٹ کرنے کے باوجود گرڈ مینٹیننس کی لاگت ادا نہیں کرتے، جس کا بوجھ نان سولر صارفین پر منتقل ہو جاتا ہے۔
دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیٹ میٹرنگ کے بڑھتے استعمال سے تقسیم کار کمپنیوں کی آمدنی میں کمی آرہی ہے، جس سے نظام میں مالی عدم توازن پیدا ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ وولٹیج کے اتار چڑھاؤ اور دیگر تکنیکی مسائل سے نمٹنے کے لیے اضافی سرمایہ کاری درکار ہے۔
پیسکو کے مطابق سولر صارفین پر فکسڈ چارجز نافذ کرنے سے نظام میں مالی توازن بحال کیا جا سکے گا اور ریکوری کو زیادہ منصفانہ بنایا جا سکے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






