اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آن لائن نوکری تلاش کرنے والے شہریوں کو فراڈ اور ڈیٹا چوری سے متعلق خبردار کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری عوامی مفاد کے پیغام میں کہا گیا کہ شہری سوشل میڈیا پر دی گئی ملازمت کی پیشکشوں پر اندھا اعتماد نہ کریں کیونکہ زیادہ تر اشتہارات جعلی ثابت ہوتے ہیں۔ اتھارٹی کے مطابق آن لائن اسکیمرز زیادہ تنخواہوں، کم اوقات کار یا بیرونِ ملک نوکریوں کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے اور ذاتی معلومات حاصل کرتے ہیں۔
پی ٹی اے نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مختلف کمپنیوں کے نام سے کام کرنے والے ایجنٹس نوجوانوں کو آن لائن ملازمت کی پیشکش کرتے ہیں اور سروے یا تحقیق کے بہانے تصاویر، لوکیشن اور شناختی معلومات اکٹھی کرتے ہیں، جنہیں بعد ازاں منفی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا کہ اگر کسی نوکری کی پیشکش غیر معمولی پرکشش لگے، بھرتی کرنے والا صرف واٹس ایپ پر رابطہ کرے، شناختی کارڈ نمبر یا گھر کا پتہ مانگے، مشکوک لنکس بھیجے یا ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا کہے تو شہری فوری طور پر محتاط ہو جائیں۔
پی ٹی اے کے مطابق محفوظ رہنے کے لیے نوکری کے ہر اشتہار کی تصدیق کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ یا ایچ آر ڈپارٹمنٹ سے کریں، اور کبھی بھی ذاتی معلومات غیر مصدقہ ذرائع سے شیئر نہ کریں۔ مشکوک اشتہارات دیکھنے پر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرنا ضروری ہے کیونکہ خوابوں کی نوکری اہم ہے، لیکن آن لائن تحفظ اس سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






