کورین کمپنی کا پاکستان کیلئے بڑا تحفہ

کورین ٹیکسٹائل کمپنی “کسکو” اور ایک پاکستانی کمپنی نے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کو عالمی معیار کے کیمیکلز اور ڈائز فراہم کرنے کے لیے باہمی تعاون کا آغاز کیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانا اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔

اس حوالے سے کراچی میں ایک اہم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کورین کمپنی “کسکو”، کورین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایجنسی اور پاکستانی کمپنی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ پاکستانی کمپنی کے نمائندے محمد پرویز نے کہا کہ کورین ٹیکنالوجی پر مبنی اعلیٰ معیار کے کیمیکلز، پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر مسابقتی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

کسکو کے سی ای او ڈاکٹر سنگ یونگ چو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک مضبوط اور پائیدار شراکت داری قائم کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس تعاون کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی پائیداری کے اصولوں کے تحت مزید وسعت دی جائے گی۔

تقریب سے کورین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر سنگ وون ہوانگن نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا باعث بنے گا اور پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close