سولر صارفین پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سولر توانائی استعمال کرنے والے صارفین پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اب سولر کنکشن کے لیے صرف اے ایم آئی (AMI) میٹر کی تنصیب ہی ممکن ہو گی۔

ذرائع لیسکو کے مطابق اے ایم آئی میٹر کی قیمت 70 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل عام میٹر کی قیمت تقریباً 35 ہزار روپے تھی۔ اس اچانک اضافے سے نئے سولر درخواست دہندگان شدید متاثر ہوں گے۔

مزید یہ کہ لیسکو نے فی الحال نئے سولر کنکشن کی فراہمی روک دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وزارت توانائی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، پنجاب میں سرکاری اسکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے واقعات پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ سال 2022-23 کے دوران صرف راجن پور کے 50 اسکولوں سے سولر پینلز چوری ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

یہ انکشاف پنجاب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری کے اجلاس میں سامنے آیا، جس کی صدارت تنویر اسلم ملک نے کی۔ کمیٹی نے پولیس کو ان واقعات کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تنویر اسلم ملک نے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا:

“محکمہ تعلیم اپنی ذمہ داری لینے سے انکاری ہے اور ساری ذمہ داری ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی پر ڈال رہا ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔”

کمیٹی نے ہدایت دی کہ فوری طور پر رپورٹ تیار کی جائے کہ کتنے اسکولوں سے پینلز چوری ہوئے، اور کتنی ریکوری ممکن ہو سکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close