اسلام آباد: گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کے سولرائزیشن منصوبے کے حوالے سے بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی زیر صدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے، اور منصوبے پر عملدرآمد کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ میکانزم بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے منصوبے کو قومی ترقی کا سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ اجلاس میں وزارت توانائی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے منصوبے کو ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں