ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کے لیے اہم خبر

 ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر مزید سخت شرائط عائد کردی گئیں، قانون کی خلاف ورزی پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے صوبائی موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری آئین کے آرٹیکل 116 کے تحت دی گئی جس کے بعد بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قانون سازی کی گئی ہے۔ ان کے مطابق موٹر وہیکلز بل کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

بل کے تحت ہیوی وہیکلز کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء پر مزید شرائط عائد کر دی گئی ہیں، ایل ٹی وی (لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکل) اور ایچ ٹی وی (ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکل) لائسنس کے لیے پری لائسنس ٹریننگ کورس کو لازمی قرار دیا گیا ہے، تاکہ ڈرائیورز مناسب تربیت حاصل کرنے کے بعد ہی لائسنس حاصل کرسکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کے پوائنٹس منفی کیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جا سکے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اب ہیوی لائسنس اتنی آسانی سے کسی کو نہیں ملے گا، کیونکہ یہ اقدام شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ قانون حالیہ عرصے میں بڑھتے ہوئے موٹر سائیکل، ٹرالر اور ڈمپر حادثات کے تناظر میں بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close