کراچی: پاکستان میں سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے، جس سے زیورات کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کو کچھ حد تک ریلیف ملا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آج معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 300 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 62 ہزار 400 روپے پر آ گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا بھی 257 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 10 ہزار 699 روپے میں دستیاب ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 3 ڈالر کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 397 ڈالر پر آ گیا۔
یاد رہے کہ سونا طویل عرصے سے ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر جانا جاتا ہے، جس کی قیمت مہنگائی، سیاسی یا معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران بڑھ جاتی ہے۔ اسے کرنسی اور دولت کی ایک مستحکم شکل کے طور پر صدیوں سے استعمال کیا جاتا رہا ہے، اور جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں سے متعلق غیر یقینی کا شکار ہوتے ہیں، تو اکثر سونے کا رخ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ تبدیل کیا گیا تھا، جس کے مطابق مقامی قیمت عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں