بینک اکاؤنٹ دیکھ کر مزدور کا منہ کھلا کا کھلا رہ گیا،

بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور اُس وقت حیران رہ گیا جب اسے معلوم ہوا کہ اس کے بینک اکاؤنٹ میں کھربوں روپے جمع ہو چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع جمئی کا رہائشی اور جے پور میں بطور پلمبر کام کرنے والا “ٹینی منجھی” اپنے والد کے علاج کے لیے رقم بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا کہ بینک بیلنس چیک کرتے ہوئے اس کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں۔ موبائل ایپ پر بیلنس کے طور پر ایک ایسا عدد ظاہر ہو رہا تھا جو 37 ہندسوں پر مشتمل تھا — یعنی لگ بھگ 100 لاکھ کھرب روپے!

ٹینی منجھی کا کہنا ہے کہ اس نے بار بار ایپ بند کر کے دوبارہ کھولی، پاس ورڈ بدلا، مگر ہر بار کھربوں روپے کا بیلنس بدستور دکھائی دیتا رہا۔ پہلے تو وہ رقم کو گن بھی نہ پایا کیونکہ ہندسے ہی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے تھے۔

گھبراہٹ میں اس نے فوراً اپنے والد کو فون کیا اور پوری صورتحال سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں جب اس نے یہ بات گاؤں والوں کو بتائی تو لوگ جوق در جوق اس کے گھر پہنچنے لگے، اور یہ معاملہ بالآخر سائبر پولیس تک جا پہنچا۔

تحقیقات پر سائبر پولیس نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ دراصل بینک کی تکنیکی خرابی کا نتیجہ ہے۔ اس کی اطلاع انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو بھی دے دی گئی۔

بینک نے فوری طور پر ٹینی منجھی کا اکاؤنٹ فریز کر دیا، جس کی وجہ سے وہ وقتی طور پر اپنے والد کے لیے دوا کے پیسے بھی نہیں بھیج سکا۔ تاہم بعد میں وہ بینک پہنچا اور اپنی اصل رقم منتقل کر کے والد کو مالی امداد فراہم کی۔

واقعے کی مزید چھان بین جاری ہے اور بینک حکام تکنیکی مسئلے کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close