سندھ حکومت نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری دے دی ہے، کیونکہ موٹر سائیکلوں کی نئی نمبر پلیٹس کے اجرا کی آخری تاریخ میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ، مکیش کمار چاولہ نے عندیہ دیا ہے کہ سپلائی میں سستی کے باعث نئی نمبر پلیٹس کے اجرا کی مدت میں توسیع پر غور ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق، اگلے چند روز میں ہونے والی میٹنگ میں اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
مکیش کمار چاولہ نے بتایا کہ یہ اسکیم سندھ بھر میں کراچی سے کشمور تک نافذ ہے اور اب تک 20 لاکھ نئی نمبر پلیٹس جاری کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو خبردار بھی کیا ہے کہ جعلی نمبر پلیٹس خریدنے یا سڑک کنارے اسٹالز سے غیر قانونی پلیٹس لگوانے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2022 میں اجرک ڈیزائن کی خصوصی سیکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ متعارف کرائی گئی تھی، جو اب تک ہزاروں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لگ چکی ہے۔
وزیر موصوف نے واضح کیا کہ یہ نمبر پلیٹ سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے اور مستقبل میں تمام شہریوں کے لیے اس کا استعمال لازمی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ایک سال سے اسمبلی کے فلور اور میڈیا کے ذریعے یہ پیغام دے چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں