ماہانہ100یونٹ تک بجلی کا استعمال کرنیوالوں کیلئےاچھی خبر

سندھ حکومت نے ماہانہ 100 یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں کو مہنگی بجلی کے بلوں سے نجات دلانا ہے۔

یہ منصوبہ سندھ انرجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت اہل گھرانے 20 اگست 2025 تک مفت سولر پینلز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، اب تک صوبے بھر سے 1 لاکھ 23 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ اگر درخواست دہندگان کی تعداد مقررہ کوٹے سے تجاوز کر گئی تو مستحق افراد کا انتخاب شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

محکمہ توانائی کے ترجمان کے مطابق یہ اسکیم صوبائی حکومت کی اُس جامع پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی گرڈ پر انحصار کم کرنا، توانائی کے اخراجات میں کمی لانا، اور قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔

حکومت نے معیار پر پورا اُترنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل درخواست جمع کرا کر اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close