ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی، فی کلو کیا قیمت مقرر

اوگرا کی جانب سے عوام کےلیے ایل پی جی کی قیمت میں بڑی کمی کی گئی ہے، فی کلو قیمت میں 17 روپے سے زائد کی کمی کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اگست کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں 17 روپے 74 پیسے فی کلو کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی نئی قیمت 215 روپے 36 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے، اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ گھریلو سلنڈرکی قیمت میں 209 روپے 24 پیسے کمی کی گئی ہے، گھریلو سلنڈرکی قیمت 2541 روپے 36 پیسے ہوگئی ہے۔

دریں اثنا حکومت نے غیرقانونی اور غیرمعیاری ایل پی جی ٹینکرز کیخلاف سخت قوانین تیار کرلیے ہیں، جس کے تحت 10 سال قید اور 2 کروڑ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

اوگرا 7 ماہ گزرنے کے باوجود ایل پی جی ٹینکرز کیخلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے، قائمہ کمیٹی نے جنوری میں ایل پی جی ٹینکرز کے حوالے سے اوگرا کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا تھا۔

چیئرمین کمیٹی کا کہنا تھا کہ تاحال ملتان میں ہونیوالے واقعے پر کارروائی مکمل کیوں نہیں کی گئی؟ چیئرمین اوگرا مسرور احمد نے بتایا تھا کہ ملتان میں اوگرا آفس نہیں تھا اب بنایا گیا ہے، غیر قانونی ایل پی جی ٹینکرز کیخلاف کارروائی اور سزائیں سخت کررہے ہیں۔

چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا کہ فوجداری قوانین میں ترامیم لائی جا رہی ہے، پہلے 6ماہ قید اور صرف 3ہزار روپے جرمانہ عائدکیا جاتا تھا، ترامیم کے ذریعے 10سال قید ،2کروڑ روپے جرمانے کی تجویز ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close