پی آئی اے عملے کی بڑی غفلت،ویڈیو سامنے آگئی

پی آئی اے کے بوئنگ 777 طیارے میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک خاتون مسافر کا موبائل فون ایئر وینٹیلیشن سسٹم میں جا گرا۔ حیرت انگیز طور پر، پی آئی اے کا انجینئرنگ عملہ 13 دن تک موبائل کو سسٹم سے نکالنے میں ناکام رہا اور یہی طیارہ ان دنوں میں متعدد پروازیں انجام دیتا رہا۔

خاتون مسافر کے مطابق، پی آئی اے کے عملے نے ابتدائی طور پر دعویٰ کیا کہ موبائل جہاز میں موجود ہی نہیں۔ تاہم، مسافر نے موبائل کی لوکیشن ٹریک کرتے ہوئے مسلسل اس کی موجودگی کی نشاندہی کی، جو ظاہر کرتی رہی کہ موبائل جہاز کے ساتھ ہی سفر کر رہا ہے۔ اگر موبائل کی بیٹری زیادہ گرمی کی وجہ سے پھٹ جاتی، تو طیارے میں موجود تقریباً 300 مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ سکتی تھیں۔

یہ واقعہ 6 جولائی کو جدہ سے اسلام آباد کی پرواز کے دوران پیش آیا، جب موبائل سیٹ کے نیچے کھلے ایئر وینٹیلیشن سسٹم میں گر گیا۔ انتظامیہ کو واقعے کی اطلاع ہونے کے باوجود طیارے کو فوری طور پر گراؤنڈ کر کے مسئلے کو حل نہیں کیا گیا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کے مطابق، 19 جولائی کو جہاز کا فرش کھول کر موبائل نکالا گیا اور اسے مسافر کے حوالے کیا گیا۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ پروازوں کے شیڈول کے باعث طیارے کا فرش فوری طور پر کھولنا ممکن نہ تھا، تاہم انتظامیہ مسلسل مسافر سے رابطے میں رہی۔

یہ واقعہ پی آئی اے کی پروازوں میں حفاظتی اقدامات اور مسافر شکایات پر عملدرآمد سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close