بڑی تبدیلیاں ! بینک اکاؤنٹ کھلوانے والوں کے لئے اہم خبر آگئی

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل میں اہم اصلاحات متعارف کرا دی ہیں، جن کا مقصد انفرادی اور کاروباری اکاؤنٹس کھلوانے کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، اسٹیٹ بینک نے صارفین کی آن بورڈنگ کے لیے نیا جامع فریم ورک جاری کیا ہے، جس کے تحت تمام بینکوں اور متعلقہ مالیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹور یا آن لائن کاروبار کرنے والے صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے قابلِ اعتماد ذرائع فراہم کریں۔

فریم ورک کا بنیادی مقصد اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو سہل، معیاری اور دستاویزی تقاضوں کو موزوں بنانا ہے، تاکہ مختلف مقامات پر صارفین کے لیے ایک مربوط، آسان اور ڈیجیٹل انٹرفیس مہیا کیا جا سکے۔

اسٹیٹ بینک نے واضح کیا ہے کہ عام صارفین کے نئے اکاؤنٹس دو دن سے زیادہ وقت میں نہیں کھلنے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، صارفین کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ اپنی اکاؤنٹ درخواست کی حیثیت کو آن لائن ٹریک کر سکیں، تاکہ عمل زیادہ شفاف اور صارف دوست بن جائے۔

یہ اقدامات مالی شمولیت کو فروغ دینے اور بینکاری خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنے کی حکومتی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ حالیہ برسوں میں اسٹیٹ بینک نے برانچ لیس بینکنگ، آسان اکاؤنٹس، ڈیجیٹل آن بورڈنگ، فری لانسرز، ترسیلات وصول کرنے والوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی بینک اکاؤنٹس متعارف کرائے ہیں۔

اب تمام اقسام کے اکاؤنٹس ڈیجیٹل ذرائع سے کھولے جا سکیں گے، جب کہ تاجروں کے لیے بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو قبول کرنے کے کم از کم ایک ذریعہ فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جیسے کہ راست کیو آر کوڈ، پوائنٹ آف سیل (POS)، ای کامرس چیک آؤٹ وغیرہ، تاکہ خریدار اسٹور میں یا آن لائن آسانی سے ڈیجیٹل ادائیگیاں کر سکیں۔

مزید برآں، اسٹیٹ بینک نے تجویز دی ہے کہ چھوٹے تاجروں کو مائیکرو، چھوٹے، اور رجسٹرڈ زمروں میں تقسیم کیا جائے تاکہ انہیں ان کے مطابق کم لاگت ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع فراہم کیے جا سکیں۔

یہ اصلاحات مالیاتی نظام سے دور افراد اور چھوٹے کاروباری اداروں کو بینکاری دائرے میں لانے، اور نقدی پر انحصار کم کرنے کے لیے ایک مؤثر قدم ہیں۔ ساتھ ہی، نئے فریم ورک میں بین الاقوامی معیار کی مضبوط ریگولیٹری حفاظتی تدابیر بھی شامل کی گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close