اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے جولائی کے لیے جاری کردہ “ایشین ڈیویلپمنٹ آؤٹ لک” رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ مالی سال کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں بھی قیمتوں میں استحکام برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اے ڈی بی نے کہا ہے کہ پاکستان کے صنعتی اور خدمات کے شعبوں میں ترقی کے آثار موجود ہیں۔ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی شرح نمو 2.7 فیصد رہی، جب کہ رواں مالی سال کے لیے 4.2 فیصد کا ہدف برقرار رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ امریکا کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جب کہ عالمی تجارت میں غیر یقینی صورتحال اور مقامی طلب میں کمی سے خطے کے ممالک کی مجموعی شرح نمو 4.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اے ڈی بی نے خبردار کیا ہے کہ عالمی تنازعات کے باعث تجارت مزید متاثر ہو سکتی ہے اور توانائی کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔ چین کی جائیداد مارکیٹ میں متوقع سے زیادہ گراوٹ بھی عالمی تجارت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خطے کے کئی ممالک میں زرعی پیداوار میں بہتری سے مہنگائی کی شرح 2 فیصد تک محدود رہ سکتی ہے۔ تاہم، امریکا کی جانب سے ترسیلات زر پر ٹیکس عائد کیے جانے سے بھارت، فلپائن اور پاکستان جیسے ممالک کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں