کاروباری افراد کے لیے بڑی خوشخبری

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں آن لائن بزنس رجسٹریشن پورٹل “سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ” (S-BOSS) کا افتتاح کر دیا۔ اس جدید پورٹل کے ذریعے کاروباری حضرات کو بیوروکریسی کی پیچیدگیوں سے نجات ملے گی اور انہیں سہولتیں میسر آئیں گی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ عوام کی آسانی کے لیے متعارف کرایا گیا ہے اور آج اس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام کاروباری ماحول میں بہتری اور کاروبار میں آسانی کی نئی راہ ہموار کرے گا۔

 

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ایس بوس ایک انقلابی پلیٹ فارم ہے جو گورننس کو جدید، شفاف اور موثر بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ اس نظام کے ذریعے نہ صرف بیوروکریسی کی رکاوٹیں ختم ہوں گی بلکہ معاشی ترقی کو بھی نئی جہت ملے گی۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں کاروبار کے لیے موزوں اور سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے۔ ریگولیٹری نظام کو ڈیجیٹل اور سادہ بنا دیا گیا ہے۔ ایس بوس محض ایک نظام نہیں بلکہ مکمل ڈیجیٹل انقلاب ہے۔ یہ “ون ونڈو” نظام ہے جو گورننس کے ڈھانچے میں بنیادی اصلاحات کی نمائندگی کرتا ہے۔ سندھ نے یہ قدم سب سے پہلے اٹھا کر دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے۔

 

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایس بوس کے تحت 32 ای-لائسنسنگ سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے، جن میں 9 مختلف سرکاری محکمے شامل ہوں گے۔ اس نظام کے ذریعے کاروباری عمل کاغذی جھنجھٹ سے آزاد اور مکمل طور پر شفاف ہوگا۔ ایس بوس کو نادرا، ایس ای سی پی، ون لنک اور پی ایم ڈی کے ساتھ بھی مربوط کیا جا رہا ہے۔

 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایس بوس ہر قسم کے کاروبار کے لیے آسان، قابل اعتماد اور منصفانہ رسائی فراہم کرتا ہے۔ یہ پلیٹ فارم نجی شعبے کے لیے بھی قابل اعتماد ہے، جس کے ذریعے شناخت کی بروقت تصدیق اور محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیاں ممکن ہوں گی۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے بزنس فیسلیٹیشن سینٹرز اور 24 گھنٹے فعال ہیلپ ڈیسک کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری کے دروازے کھلے ہیں۔ انہوں نے نجی سرمایہ کاروں کو ایس بوس میں شراکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی قیمتی تجاویز پیش کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close