گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت سے متعلق تشویشناک خبر آگئی

پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد ملک میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر عمر ریحان شیخ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے افسران کی گھی ملوں میں تعیناتی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات جمعہ تک تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں گھی اور تیل کی تمام ملیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی۔

عمر ریحان کے مطابق یہ ہڑتال محض ایک دن کی نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی، اور اگر مذاکرات ناکام رہے تو جمعہ سے ملک بھر میں گھی اور آئل کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہو جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ایف بی آر کی سخت شرائط فوری طور پر واپس لی جائیں اور ایک ایسی پالیسی اپنائی جائے جو صنعت کے لیے سازگار ہو تاکہ پیداواری عمل بغیر رکاوٹ جاری رہ سکے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 40 بی کے تحت ملک بھر کی گھی ملوں میں اپنے افسران تعینات کر دیے ہیں، جس کے باعث صنعتکاروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ سیکشن 37 اے، ڈیجیٹل انوائسنگ، اور بینکنگ لین دین پر دو لاکھ روپے کی حد ختم کی جائے۔

صنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ گھی اور کوکنگ آئل کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ سے نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین بھی متاثر ہوگی، جس کے براہ راست اثرات عوام پر مرتب ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close