کراچی: پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے گھی ملز بند کرنے کی دھمکی کے بعد گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایسوسی ایشن کے صدر عمر ریحان شیخ نے ایف بی آر کے افسران کی گھی ملز میں تعیناتی کے خلاف احتجاجاً ملک بھر کی گھی ملیں غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر جمعہ تک مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں گھی اور آئل ملز بند کر دی جائیں گی۔
عمر ریحان شیخ کا کہنا تھا کہ یہ ہڑتال صرف ایک دن کی نہیں بلکہ غیر معینہ مدت کی ہوگی، اور مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں گھی و آئل کی سپلائی بھی معطل کر دی جائے گی۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کاروبار دشمن شرائط فوراً واپس لے اور کاروبار دوست پالیسی اختیار کرے۔
ایف بی آر نے سیکشن 40 بی کے تحت گھی ملز میں افسران تعینات کیے ہیں، جس کے باعث انڈسٹری میں بے چینی اور خوف کی فضا پیدا ہو چکی ہے۔ ایسوسی ایشن نے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسنگ اور بینکوں میں دو لاکھ روپے کی حد کی شرط ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایف پی پی سی سی آئی کے صدر کے ہمراہ ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے اپنے تحفظات سے آگاہ بھی کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر اس شعبے میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں تو نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین بھی متاثر ہوگی، جس کا براہِ راست اثر عوام پر پڑے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں