پیٹرول قیمت میں اضافے کے بعد عوام ایک اور بڑے ریلیف سے محروم

اسلام آباد: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کے لیے ایک اور جھٹکا، حکومت نے پیٹرول پر تیل کی ترسیل کا مارجن 1 روپے 93 پیسے بڑھا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر مارجن میں اضافہ کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مالی بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔ پیٹرول پر ترسیل کا مارجن 1 روپے 93 پیسے اضافے کے بعد فی لٹر فریٹ مارجن 6 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 8 روپے 89 پیسے ہو گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق ڈیزل پر ترسیلی مارجن میں 3 روپے 95 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ اس کا فریٹ مارجن 2 روپے 9 پیسے سے بڑھا کر 6 روپے 4 پیسے فی لٹر کر دیا گیا ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول پر مختلف ٹیکسز، ڈیوٹیز اور مارجن کی مد میں عوام سے مجموعی طور پر 103 روپے 42 پیسے فی لٹر وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ ڈیزل پر یہ رقم 99 روپے 69 پیسے فی لٹر بنتی ہے۔

پیٹرول پر 75 روپے 52 پیسے فی لٹر پیٹرولیم لیوی، 8 روپے 89 پیسے فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن اور 8 روپے 64 پیسے فی لٹر ڈیلرز مارجن وصول کیا جا رہا ہے۔ سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔

اسی طرح ڈیزل پر 74 روپے 51 پیسے فی لٹر لیوی عائد ہے، 6 روپے 4 پیسے فریٹ مارجن، 7 روپے 87 پیسے ڈسٹری بیوٹرز مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن وصول کیا جا رہا ہے۔ ڈیزل پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔

یہ تمام اضافے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب عوام پہلے ہی مہنگائی کے شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close