عوام کو جھٹکے پر جھٹکے ، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ریلیف ختم کر دیا گیا

وزیراعظم  شہباز  شریف کی جانب سے بجلی کی فی یونٹ  قیمت میں7  روپے 41  پیسےکمی کا ریلیف ختم  ہوگیا۔

گزشتہ سال اپریل میں وزیر اعظم نے 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنےکا اعلان کیا تھا۔ ریلیف  ختم ہونے کے بعد  آج سے میٹر گزشتہ سال کی گرمیوں والی قیمت پر چلےگا۔

شہریوں نے شکوہ کیا ہےکہ حکومت کی جانب سے تو یہ تاثر دیا گیا تھا کہ یہ کمی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کی گئی ہے ، مگر یہ تو عارضی ایڈجسٹمنٹ ثابت ہوئی ہے ، بجلی کی قیمت میں مستقل بنیادوں پر کمی کی جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مستقل ریلیف دیا ہے ، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں تبدیلی آتی ہے، باقی تبدیلی نہیں ہوگی۔

ادھر نیپرا سماعت میں پاور ڈویژن اور  سینٹرل پاور  پرچیزنگ ایجنسی کے حکام سے صارفین نے سوال کیا کہ کیا 7 روپے 41 پیسےکا ریلیف جاری رہےگا یا ختم ہوگیا؟ توصارفین کے سوالات پر سینٹرل پاور  پرچیزنگ ایجنسی نے جواب گول کرنے کی کوشش کی۔

ممبر نیپرا سندھ رفیق احمد شیخ کا کہنا تھا کہ جو سوال پوچھا گیا ہے سیدھا جواب دیں۔

نیپرا کی مداخلت کے باوجود سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے حکام واضح جواب نہ دے سکے۔ نیپرا حکام نے سینٹرل پاور  پرچیزنگ ایجنسی کے جواب  پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close