پی آئی اے نے مسافروں کو بڑی خوشخبری سنا دی

 

قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور اور پیرس کے درمیان پروازوں پر 15 فیصد رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ لاہور سے پیرس کیلیے پروازوں کی ٹکٹس پر 15 فیصد رعایت فوری نافذ العمل ہوگی، پروازوں کی بکنگ 9 جون 2025 تک ہوگی، رعایتی ٹکٹ پر سفر 18 جون سے 2 جولائی تک کیا سکتا ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل نومبر 2025 تک مکمل کر لیا جائے گا، حکومت قومی ایئر لائن کے 50 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری گروپس نے قومی ایئر لائن کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

26 مئی کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کلاس بی شیئرز میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور شیئرز کی قیمت بڑھ کر 22 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے نوٹس کے جواب میں پی آئی اے کی انتظامیہ نے ایک باضابطہ جواب جمع کروایا جس میں کہا گیا کہ وہ کسی بھی پیشرفت یا معلومات سے لاعلم ہیں جو حصص کی قدر میں اس قدر تیزی سے اضافے کا جواز پیش کر سکتی ہے۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج دونوں نے باضابطہ طور پر PIA سے وضاحت طلب کی کیونکہ شیئرز کی قیمتوں میں اضافے نے ممکنہ قیاس آرائی پر مبنی سرگرمی یا نامعلوم کارپوریٹ کارروائیوں کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔یاد رہے اپریل کے آخری ہفتے میں وفاقی حکومت نے باضابطہ طور پر قومی ایئر لائن کی نجکاری کیلیے ایک اشتہار جاری کیا تھا جس سے دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کیلیے بولی جمع کروانے کا عمل شروع ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close