اوپیک پلس کی جانب سے پیداوار میں اضافے کے بعد تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوگئی۔
عالمی میڈیا کے مطابق برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 2.04 ڈالر یا 3.33 فیصد کمی کے ساتھ فی بیرل 59.25 ڈالر پر آگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ 2.10 ڈالر یا 3.60 فیصد کمی کے ساتھ 56.19 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔دونوں قیمتیں پیر کے آغاز پر 9 اپریل کے بعد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں، جب اوپیک پلس نے مسلسل دوسرے مہینے کے لیے تیل کی پیداوار میں اضافے پر اتفاق کیا۔ جون میں پیداوار میں 4 لاکھ 11 ہزار بیرل یومیہ (بی پی ڈی) کا اضافہ کیا جائے گا۔
ماہرین کے اندازوں کے مطابق اپریل، مئی اور جون کے لیے مشترکہ طور پر مجموعی اضافے کا حجم 9 لاکھ 60 ہزار بیرل یومیہ ہو جائے گا، جو 2022 سے اب تک کیے گئے 22 لاکھ بیرل یومیہ کے مختلف کٹوتیوں کا 44 فیصد خاتمہ ظاہر کرتا ہے۔توانائی کے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ 3 مئی کو اوپیک پلس کا جون کے لیے پیداوار کا کوٹہ مزید 4 لاکھ 11 ہزار بیرل یومیہ بڑھانے کا فیصلہ مارکیٹ میں یہ تاثر دے رہا ہے کہ عالمی رسد و طلب کا توازن سرپلس (اضافی رسد) کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ادھر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔ یہ بیان تہران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے اسرائیل کے مرکزی ہوائی اڈے کے قریب میزائل داغے جانے کے بعد سامنے آیا۔ایران کے وزیر دفاع عزیز نصیر زادہ نے اتوار کو کہا کہ اگر امریکہ یا اسرائیل نے حملہ کیا تو تہران بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں