رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں عوام کو ایک اور جھٹکا، مہنگائی کی شرح میں اضافہ‎

لاہور (پی این آئی)رمضان کے آخری ہفتے میں مہنگائی کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آخری ہفتے کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگائی کم ہونے کے بجائے مزید اونچی اڑان بھرنے لگی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 کے مطابق رمضان کے آخری عشرے کے دوران بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔آلو 50کی بجائے 90،پیاز 55کی بجائے 100روپے کلو میں ، ٹماٹر 55کی بجائے 110،ادرک 375کی بجائے 440روپے کلو میں، لہسن 600کی بجائے650،مٹر100کی بجائے 170روپے کلو میں، شملہ مرچ 65کی بجائے 90،بینگن 60کی بجائے 80روپے کلو میں، کیلا سرکاری قیمت 260کی بجائے 300روپے درجن میں ، سیب 300کی بجائے 350،امرود 220کی بجائے 300روپے کلو میں ، پپیتا 240کی بجائے 350،کھجور 460 کی بجائے 500روپے کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔

جبکہ چکن کی قیمت بھی 850 روپے تک جا پہنچی ہے۔ دوسری جانب ادارہ شماریات نے دعوٰی کیا ہے کہ ملک میں 2ہفتے مسلسل اضافے کے بعد حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں اضافے کی رفتار کی شرح میں 0.35 کمی واقع ہوئی ہے جب کہ ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 1.20 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے ہیں، جس کے مطابق ایک ہفتے میں 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے میں پرنٹڈ لان کی قیمت میں 2.90فیصد، ایل پی جی کی قیمتوں میں1.53 فیصد، لانگ کلاتھ کی قیمتوں میں1.23 فیصد، بریڈکی قیمتوں میں0.55 فیصد، سگریٹ کی قیمتوں میں0.27 فیصد، بیف کی قیمتوں میں 0.25فیصد،دہی کی قیمتوں میں0.24 فیصد اور نمک کی قیمتوں میں0.03 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ علاوہ ازیں آلو کی قیمتوں میں2.05 فیصد،پیاز کی قیمتوں میں6.07 فیصد، ٹماٹرکی قیمتوں میں7.08 فیصد،لہسن کی قیمتوں میں5.59 فیصد،انڈو ں کی قیمتوں میں6.64 فیصد،دال چنا کی قیمتوں میں1.60 فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں1.30 فیصد،چینی کی قیمتوں میں0.87 فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0.60 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close