ڈیجیٹل پرائز بانڈز سے متعلق اہم پیشرفت

اسلام آباد (پی این آئی) وزارت خزانہ نے ڈیجٹیل پرائز بانڈز رجسٹرڈ ڈرافٹ رولز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیجٹل پرائز بانڈز کی لین دین موبائل ایپ کے ذریعے کی جائے گی، انعامی رقم پر ٹیکس لگےگا، زکوٰۃ لاگو نہیں ہوگی، ڈیجٹیل بانڈز میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد نہیں ہوگی، ہر پاکستانی بالغ شہری بانڈز کے لیے اہل ہوگا، بانڈزکے ٹرانسفر آف اوونرشپ اورپلیجنگ کی اجازت نہیں ہوگی، سرمایہ کار کی وفات کی صورت میں قانونی ورثاء کو رقم ادا کی جائے گی، کسی مرنے والے کے بانڈ کی رقم جانشینی کے سرٹیفکیٹ کے مطابق ادا کی جائے گی۔

بتایا جارہا ہے کہ ڈیجٹیل پرائز بانڈز کے اجراء کا فیصلہ معیشت کو دستاویزی بنانے، شفافیت اور جوابدہی کے فروغ میں اہم قدم ہے، اس کے ساتھ خرید و فروخت کے عمل کو آسان اور مؤثر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی، وزارت خزانہ کی جانب سے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جو کاغذی بانڈز کے برعکس مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا، جس سے چھپائی اور لاجسٹکس کے اخراجات ختم ہو جائیں گے، ڈیجیٹل پرائز بانڈ خریدار کے نام پر رجسٹرڈ ہوگا، جس سے چوری، نقصان یا خراب ہونے کا خطرہ کم ہو جائے گا، ابتدائی طور پر 500، 1000، 5000 اور 10000 روپے مالیت کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز جاری کیے جائیں گے جن کی تفصیلات وزارت خزانہ جلد جاری کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close