پشاور (پی این آئی) پشاور ہائی کورٹ نے صنعتی صارفین کے لیےگیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں صنعتی صارفین کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ پر مشتمل دو روکنی بینچ نےکی۔عدالت نےگیس ٹیرف میں اضافےکا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے صنعتی صارفین کو پرانے نرخوں پر ادائیگی کا حکم دے دیا۔وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ درخواست لکی سیمنٹ اور چراٹ سیمنٹ سمیت دیگر صنعتوں نے دائر کی، اوگرا نے 26 جنوری 2025 کو گیس کی قیمت 3 ہزار سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردی، اوگرا نے صنعتی صارفین کے لیے 1772 روپےکا ریٹ تجویز کیا لیکن وفاق نے قیمت بڑھا دی۔
وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، اضافی نرخوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں، آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت خیبرپختونخوا کو بھی دوسرے صوبوں کے برابر گیس ملنی چاہیے، نومبر میں بھی پشاور ہائی کورٹ نے اسی نوعیت کا اضافہ معطل کیا تھا۔عدالت نےگیس ٹیرف میں اضافےکا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں