رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ‎

لاہور(پی این آئی) رمضان سے قبل چینی کی قیمت میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا، حکومت کے چینی کی بیرون ملک فروخت کی اجازت دینے کے فیصلے کا نتیجہ، افغانستان کو چینی کی فروخت میں 4 ہزار فیصد سے زائد کا اضافہ ہو جانے کا انکشاف، چینی کی ایکسپورٹ کی وجہ سے ملک میں چینی مہنگی ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈھائی ماہ م میں چینی کی قیمت131 روپے 85 پیسے سے بڑھ کر گئی زیادہ سے زیادہ 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ افغانستان کے لیے چینی کی ایکسپورٹ میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 تا جنوری 2025، رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمد میں حیرت انگیز طور پر ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے لیے پاکستانی برآمدات میں سب سے زیادہ حصہ چینی کا ہی ہے، جولائی 2024 تا جنوری 2025 افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات میں 4332 فیصد کا بڑا اضافہ ہوا، رواں مالی مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں افغانستان کے لیے چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران افغانستان کے لیے چینی کی برآمد محض 59 لاکھ ڈالر تھی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 میں 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، پھر آخری بار اکتوبر 2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس حوالے سے دستیاب سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں حالیہ 10 ہفتوں کے دوران چینی کی اوسط قیمت 21 روپے 26 پیسے فی کلو بڑھ گئی، چینی کی اوسط قیمت 153 روپے 11 پیسے فی کلو پرپہنچ چکی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 160روپے فی کلو تک ہے، ملک میں چینی کی اوسط قیمت 10 ہفتے قبل صرف 131 روپے 85 پیسے فی کلو تھی۔ یوں رمضان المبارک سے قبل چینی کی قیمت میں 20 فیصد سے زائد اضافہ ہو گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close