اسلام آباد(پی این آئی)طویل عرصے بعد پاکستان کی معاشی خوشحالی سے متعلق آئے روز نت نئی خوشخبریاں سامنے آرہی ہیں۔
حال ہی میں اسٹیٹ بینک نے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے خوشخبری سنائی کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔31 جنوری 2025 تک کے اعدادوشمار کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد کل ذخائر 16 ارب 4 کروڑ 41 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔ اِن میں سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب 41 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ہیں، جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 4 ارب 62 کروڑ 58 لاکھ ڈالر موجود ہیں۔
دوسری جانب معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ پاکستان میں انویسٹمنٹ یا سیونگ ڈالرز میں کرنے کا ٹرینڈ اب ختم ہوچکا ہے، اب لوگ ڈالر کو خرید کر ڈالر کی ڈیمانڈ مزید نہیں بڑھاتے، بلکہ پچھلا سال ایسا رہا کہ پاکستان میں ڈالر کی سپلائی زیادہ تھی اور ڈیمانڈ کم تھی۔ اس وجہ سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے روپے دیکر ڈالر خریدے، یعنی پچھلے سال 2500 ارب مارکیٹ میں دیکر اس کے عوض 9 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خریدے اور اس وقت اسٹیٹ بینک کے پاس موجود 11 ارب 41 کروڑ ڈالرز میں 9 ارب ڈالرز وہ بھی ہیں جو پچھلے سال اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خریدے ہیں۔ اگر یہ نہ خریدے ہوتے تو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس اس وقت صرف 2.4 ارب ڈالرز ہوتے جوکہ ہماری صرف 15 دن کی امپورٹس کیلئے کافی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں