خام تیل کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر

نیویارک(پی این آئی) سعودی عرب کی سرکاری تیل کمپنی کی جانب سے مارچ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کے بعد جمعرات کو ابتدائی ایشیائی ٹریڈنگ میں خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

برینٹ کروڈ فیوچر 14 سینٹ یا 0.19 فیصد اضافے سے 74.75 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 18 سینٹ یا 0.25 فیصد اضافے سے71.21 ڈالر فی بیرل رہی۔دنیا کی سب سے بڑی تیل برآمد کنندہ کمپنی سعودی آرامکو نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ مارچ کی ترسیل کیلئے ایشیائی خریداروں کیلئے قیمتوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

یہ فیصلہ چین اور بھارت سے بڑھتی ہوئی طلب اور امریکی پابندیوں کے باعث روسی سپلائی میں خلل کے تناظر میں کیا گیا ہے۔آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سیکامور نے کہا ہے کہ آرامکو نے دیگر تمام خطوں کیلئے بھی مارچ کی ترسیلات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس کیخلاف نئی پابندیاں مؤثر ہونے لگی ہیں اور سعودی عرب سخت ہوتی ہوئی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہا ہے۔

امریکا نے گزشتہ ماہ روس کی تیل کی تجارت پر سخت نئی پابندیاں عائد کیں، جن کا ہدف وہ شیڈو بحری جہاز ہیں جو تجارتی پابندیوں سے بچنے کیلئے استعمال کئے جارہے تھے۔ٹونی سیکامور کا مزید کہنا ہے کہ رات بھر کی فروخت اور سعودی خبر کے بعد، ٹریڈرز کی جانب سے 70/68 ڈالر کے خطے میں مضبوط سپورٹ سے قبل شارٹ فال کو کور کرنے کیلئے خریداری متوقع ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کو خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی تھی کیونکہ امریکا میں خام تیل اور پیٹرولیم اسٹاکس میں بڑی مقدار میں اضافہ ہوا، جس سے کمزور طلب کا اشارہ ملا، سرمایہ کاروں نے امریکا اور چین کے درمیان نئے تجارتی محصولات کے اثرات کا بھی جائزہ لیا، جن میں توانائی کی مصنوعات پر عائد ٹیکس بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close