بجلی کمپنیوں کو زوردار جھٹکے ، بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے میپکو، پیسکو اور ٹیسکو کو کرنٹ حادثات سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر ایک، ایک کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔

نیپرا کے مطابق تینوں ڈسکوز اپنے علاقوں میں 100 فیصد پی سی سی پولز کی ارتھنگ کرنے میں ناکام رہیں، جس کے باعث ان پر سخت کارروائی کی گئی۔ اتھارٹی نے تینوں کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک سال کے اندر تمام پی سی سی پولز کی ارتھنگ مکمل کریں، جبکہ باقی ماندہ اسٹیل اسٹرکچر کی ارتھنگ تین ماہ میں مکمل کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نیپرا نے واضح کیا کہ میپکو، پیسکو اور ٹیسکو شوکاز نوٹسز کے جوابات میں تسلی بخش وضاحت دینے میں ناکام رہیں، جس کے بعد جرمانے کا فیصلہ سنایا گیا۔ تینوں کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 15 روز میں جرمانے کی رقم نیپرا کے نامزد کردہ بینک میں جمع کرائیں۔ نیپرا نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ تینوں کمپنیاں حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو کرنٹ حادثات سے بچایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close