بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر، قیمتوں میں کمی کا امکان‎

اسلام آباد ( پی این آئی ) ایک ماہ کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 3 پیسے کمی کا امکان ہے۔

نیپرا نے سی پی پی اے کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ۔ چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں نیپرا اتھارٹی نے درخواست پر سماعت کی ، نیپرا اعداد و شمار کا جائزہ لیکر بعد میں فیصلہ جاری کرے گا۔سی پی پی اے حکام نے کہا کہ دسمبر میں ہاور پلانٹس میرٹ کے مطابق چلے ہیں، دسمبر کے دوران فیول کی قیمتیں بھی کم رہی ہیں نیلم جہلم پاور پراجیکٹ اگر چلتا ہوتا تو عوام کو مزید فائدہ پہنچتا۔سی پی پی اے حکام کے مطابق ونٹر پیکج کے تحت بجلی کی ڈیمانڈ میں 1.5 فیصد اضافہ ہوا، صارفین نے ونٹر پیکج کے ذریعے 18 کروڑ یونٹس اضافی استعمال کیے،۔

سماعت کے دوران سی پی پی اے کے نقصانات پورے کرنے پر صارفین نے سوالات اٹھا دیے ۔ صارفین نے استفسار کیا کہ بتایا جائے سی پی پی اے کے نقصانات کیسے پورے ہوتے ہیں۔اتھارٹی کے مطابق دسمبر میں سی پی پی اے نقصانات 2.63 فیصد کی بجائے 2.44 فیصد رہے۔ نیپرا حکام نے کہا کہ سی پی پی اے کے نقصانات کا بوجھ بجلی صارفین پر نہیں ڈالا جاتا۔صارفین نے استفسار کیا کہ اگر عوام سے یہ پیسے وصول نہیں ہوتے تو کہاں سے ہوتے ہیں۔ سی پی پی اے حکام کے مطابق سی پی پی اے اپنے یہ نقصانات اپنے منافع سے پورے کرتا ہے۔صارفین نے کہا کہ آپ کے منافع کی شرح کتنی ہے جو اربوں روپے کے نقصانات پورے کر لیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close