اسلام آباد(پی این آئی) ہفتہ وار مہنگائی دہائی کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی اور جنوری میں مہنگائی میں 3 فیصد کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مہنگائی کے دباؤ تیزی سے کم ہوتے نظر آ رہے ہیں جیسا کہ حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) نے 23 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے سالانہ بنیادوں پر صرف 0.52 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔یہ پچھلے ہفتے کے 1.16 فیصد کے مقابلے میں نمایاں کمی کو ظاہر کرتا ہے اور یہ مسلسل چوتھا ہفتہ ہے جس میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے، جو دسمبر 2024کے اختتام پر ریکارڈ کی گئی 5.08 فیصد سے کم ہو گئی ہے۔ حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) میں کمی، جو کہ بنیادی اشیاء پر مختصر مدتی مہنگائی کا پیمانہ ہے، نے ماہرینِ معیشت کو جنوری کے صارف قیمت اشاریے (سی پی آئی) میں نمایاں کمی کی پیش گوئی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) ، جو دسمبر میں 4.1 فیصد تھا، جنوری 2025 کے لیے 3 فیصد سے کم ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر 2.5 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔یہ رجحان اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کو اپنی پالیسی ریٹ، جو اس وقت 13 فیصد ہے، کم کرنے پر مجبور کر سکتا ہے۔تجزیہ کار توقع کرتے ہیں کہ مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے 27 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں پالیسی ریٹ میں 1.5فیصد پوائنٹ کی ممکنہ کمی کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں